پاکستان کے معروف اسپن بولر عثمان قادر نے کرکٹ کے بہتر مستقبل کی غرض سے آسٹریلیا منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے نیو ساؤتھ ویلز میں اپنی رہائش اختیار کی ہے، جہاں وہ سڈنی کے ہاکسبری کرکٹ کلب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
عثمان قادر نے گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم وہ اپنے مرحوم والد، کرکٹ کے عظیم کھلاڑی عبدالقادر کی خواہش پر پاکستان واپس آئے تھے تاکہ وہ اپنے بیٹے کو قومی کرکٹ ٹیم میں کھیلتے دیکھ سکیں۔
عثمان قادر نے پاکستان کے لیے ایک ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔ ان کی کرکٹ کیرئیر میں ساؤتھ آسٹریلیا، پرتھ اور ایڈیلیڈ کے ساتھ بگ بیش لیگ کھیلنے کا بھی اعزاز شامل ہے، اور انہوں نے آسٹریلیشیا کے وزیراعظم الیون کی جانب سے بھی میچز کھیلے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عثمان قادر نے کرکٹ کے حوالے سے اپنی مستقبل کی منصوبہ بندی کے تحت دوبارہ آسٹریلیا کا رخ کیا ہے، عثمان قادر کی فیملی بھی جلد آسٹریلیا منتقل ہونے کا ارادہ رکھتی ہے۔
عثمان قادر کا کہنا ہے کہ “کرکٹ میری زندگی اور روزگار کا ذریعہ ہے۔ میں آسٹریلیا اپنے مستقبل کے لیے آیا ہوں اور کرکٹ میں اچھے مواقع ملنے کی امید رکھتا ہوں۔ میں پُرامید اور پُرعزم ہوں کہ یہاں نئے مواقع ملیں گے۔”