3 ہزار میگاواٹ کا ہدف حاصل لیا،وزیراعظم کا بجلی سستی کرنے کا عندیہ

39
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز+ آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹاسک فورس کی کوششوں سے جلد بجلی سستی ہونے کی امید ظاہر کی ہے جبکہ وفاقی کابینہ نے14 آئی پی پیز کے ساتھ نظر ثانی شدہ معاہدوں کی منظوری دے دی جس سے 1.4کھرب روپے کی بچت ہوگی، کابینہ نے انسداد منشیات ڈویژن کو وزارت داخلہ اور ہوا بازی ڈویژن کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کی بھی منظوری دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں صوبوں کا اہم کردار ہے، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیمی میدان میں چیلنجز سے نمٹنا چاہیے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس نے 3 ہزار میگاواٹ کا ہدف حاصل کر لیا ہے، مزید بڑی کمپنیوں سے کیپیسٹی چارجز کے معاملے پر بات چل رہی ہے، وزیراعظم نے سرکاری پاور جنریشن کمپنیوں کو ڈالرز میں کیپیسٹی پیمنٹس ہونے پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازیں شروع ہونا بڑی کامیابی ہے، گزشتہ حکومت کے ایک وزیر کی تقریر کے تباہ کن نتائج ہوئے، شکر ہے جو بندشیں لگیں وہ ختم ہوئیں اور امید ہے جلد لندن کے لیے پروازوں کا آغاز ہوگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں حالات نارمل ہورہے ہیں، امن معاہدے کے بعد مورچے مسمار کیے جارہے ہیں، خوراک اور ادویات کی سپلائی بھی پہنچائی جارہی ہے، امید ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر قیام امن یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف دن رات کارروائیاں ہورہی ہیں اور امید ہے ان کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 14 آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں کی منظوری دی گئی۔ نظرثانی شدہ معاہدوں کے مطابق 14 آئی پی پیز کے منافع اورلاگت میں 802 ارب روپے کی کمی کی تجویزمنظور کی گئی۔ اعلامیے کے مطابق ان آئی پی پیز سے گزشتہ سالوں کے اضافی منافع کی مد میں 35 ارب روپے کٹوتی کی جائیگی، آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں سے حکومت کو 1.4 کھرب روپے کی بچت ہوگی اور سالانہ 137 ارب روپے کی بچت ہوگی جس کا فائدہ صارفین کو پہنچے گا۔ اس حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ نظر ثانی شدہ معاہدے بڑی کامیابی ہیں، اس سے قومی خزانے کی بچت،گردشی قرضہ ختم اور بجلی کی قیمت کم ہوگی۔ وزیراعظم نے آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب نظرثانی شدہ معاہدوں پر وزیر توانائی کی تعریف کی، وزیراعظم نے مشیر پاور، سیکرٹری پاور اور متعلقہ ٹاسک فورس کے ممبران کی بھی ستائش کی۔ اعلامیے کے مطابق ٹاسک فورس برائے پاور ڈویژن نے مزید 18 آئی پی پیز سے نظرثانی شدہ معاہدوں کی تجاویز پیش کیں۔ وزیرتوانائی اویس لغاری کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے کابینہ اجلاس میں تجاویز پیش کیں۔ پاور ڈویژن کے مطابق ان تمام منظوریوں سے صارفین کو آئندہ سالوں میں 922 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ اب تک 28آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی ہوچکی ہے۔مجموعی طور پر1457ارب اور سالانہ 137ارب روپے کی بچت ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق کابینہ نے انسداد منشیات ڈویژن کو وزارت داخلہ اور ہوا بازی ڈویژن کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کی منظوری دی۔