جیکب آباد،پولیو کا مرض پھیلنے لگا ،پہلا کیس رپورٹ

53

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں پولیو کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ،جیکب آباد میں سال 2025ء میں پہلا پولیو کیس رپورٹ،ضلع میں پولیو کے مریضوں کی تعداد 5 ہو گئی ،قومی ادار ہ صحت نے یونین کونسل میرپور کے 58ماہ کے بچے میںپولیو کے مرض کی تصدیق کردی ،قومی انسداد پولیو مہم میں محکمہ تعلیم کے سفارشی اور محکمہ صحت کے گھوسٹ عملہ پولیو کے پھیلائو کا سبب ہے :ذرائع تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پولیو کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کی یونین کونسل میرپور میں عرض محمد برڑو کے 58ماہ کے بیٹے شاہ شاہ بخش کو پولیو کا مرض لاحق ہو گیا ہے جس کے بعد جیکب آباد میں صرف چار ماہ کے دوران پولیو کے پانچ کیس رپورٹ ہوئے ہیںقومی ادارہ صحت نے بھی اس کی تصدیق کی ہے گزشتہ سال 27 دسمبر کوضلع جیکب آباد میں ایک بچے میں معذوری کی علامات ظاہر ہوئیں، جسے سال 2024ء کا 71واں پولیو کیس قرار دیا گیا، جیکب آباد میں 2024ء میں پولیو کے پانچ کیسز سامنے آئے،جیکب آباد میں سیوریج ڈسپوزل میں مسلسل 6 ماہ سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائر س کی موجودگی کی رپورٹ کے باوجود ضلع انتظامیہ نے اس کو سنجیدہ نہیں لیا یہی وجہ ہے کہ چند ماہ میں پولیو کے پانچ کیس جیکب آباد سے رپورٹ ہوئے ہیں جو متعلقہ حکام کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے ڈی ایچ اونے 30سے زائد ڈاکٹر کو ڈیوٹی نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے تھے جو برسوں سے ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے اس کے باوجود ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے سفارش پر چھوڑ دیا گیا معلوم ہوا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم ان گھوسٹ ڈاکٹرکی ڈیوٹی بھی لگائی جاتی تھی جو ڈیوٹی پر موجود نہیںہوتے تھے ریکارڈ میں ریٹائر عملے کو بھی پولیو مہم میں شامل کیا گیا جبکہ سرزمین پر کوئی موجود نہیںہوتا تھا ،محکمہ تعلیم کے عملے کو بھی سفارش پر قومی انسداد پولیو مہم میں مقرر کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی سی جیکب آباد نواب سمیر لغاری نے رابطے پر بتایا کہ پولیو کیس سرحد پار سے منسلک ہے۔