سانگھڑ (نمائندہ جسارت)محمد عربی کا لایا ہوا نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو بحران اور عوام کو مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔اسٹیبلشمنٹ کے چہیتے قوم کو ریلیف دینے اور بنیادی مسائل کے حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد افضال آرائیں سانگھڑ اور مضافات کے کارکنان کے اسٹڈی سرکل کے شرکااور میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام مسائل کا واحد حل ہے ، مسلمان اسلام کا علمبردار اور اسلام عدل وانصاف کا علمبردار ہے ، محمد عربیﷺ سے ہمارے تعلق اور رشتہ اور ایمان کا تقاضا ہے کہ ہم اس مشن اور دعوت کو آگے بڑھائیں جس کیلیے انہوں نے جسم اطہر پر پتھر کھائے اپنے پیاروں کو شہید کرایا ، ہمارا ایمان ہے کہ کوئی شخص کتنا بھی مخلص کیوں نہ ہو ، لیکن اگر وہ کسی بھی قوم اور ملک کی ترقی چاہتا ہے مسائل کا حل چاہتا ہے تو راستہ ایک ہی ہے اور وہ ہے اسلام کا راستہ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ دریائے سندھ پر کینال نکالنے کا جو منصوبہ رکھتی ہے یہ منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کے مترادف ہے۔پیپلزپارٹی اس میں برابر کی شریک ہے کیونکہ ایوان صدر میں بیٹھے ان کے کو چیئرمین نے اس آرڈیننس پر دستخط کیے ہیں۔مخالفت میں بیان بازی فیس سیونگ کے سوا کچھ نہیں ہے۔اقتدار کے حصول کی خاطر سندھ کے حقوق کی سودے بازی کرکے پیپلزپارٹی نے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔ جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں اورمہنگائی سمیت عام آدمی کے مسائل کو اٹھایا ہے۔ مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر قیادت 14دنوں تک اسلام آباد دھرنا دیا۔ سندھ کے پانی کے حق کے لیے بھی جماعت اسلامی دریا بچاؤ تحریک میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دیانتدار قیادت ہی ملک کو بحران اور عوام کو مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔ غریب آدمی مسائل کا شکار ہے، 26ویں ترمیم سے لیکر جتنی قانون سازی کی گئی وہ عام آدمی کے لیے نہیں بلکہ اشرافیہ کے لیے ہے۔یہاں امیر و غریب کے لیے الگ الگ قوانین ہیں۔اس فرسودہ نظام میں عام آدمی کے مقدمے کا فیصلہ پوتے کو سنایا جاتا ہے ، اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے امیر محمد رفیق منصوری ، ظہیر الدین جتوئی ، راجا وسیم احمد منصوری ، محمد رشید راجپوت ، عبدالمجید ملک ، چودھری اللہ دتہ سمیت کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔