کامیاب اے پی سی صوبے میں قیام امن کیلیے پہل ہے

37

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے رہنمامولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے بھرپورو کامیاب گرینڈ آل پارٹیز کانفرنس کے ذریعے صوبہ میں قیام امن کیلئے پہل کرکے سندھ کے عوام کے دل جیت لیے ہیں، صوبہ میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری عوام کے دل کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں سیاسی مذہبی جماعتوں قوم پرست تنظیموں سمیت اہم شخصیات کی بھرپور شرکت سے ثابت ہوگیا ہے کہ سندھ کے عوام امن کے قیام کو پہلی ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اے پی سی اسی لیے بلائی تھی کہ یہ وقت کی اہم ضرورت اور صوبے کے لوگوں کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بے امنی کا یہ عالم ہے کہ گزشتہ روز سابق ایم پی اے عبدالرؤف کھوسو کے بھائی عبدالباقی کھوسو کو گاڑی سمیت لوٹ لیا گیا ہے، باقی عوام بھی شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں، اگر حکومت امن قائم کرکے لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو عوام کی جان چھوڑ دے، حکمرانی کی شوقین نا اہل حکومت کے باعث لوگوں کی جان مال خطرے میں پڑی ہوئی ہے۔انہوں نے سندھ کے سیاسی سماجی حلقوں وکلا تاجر برادری سول سوسائٹی طلبا علما سمیت تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سندھ میں بے امنی کے خاتمہ، امن و امان کے قیام کے اپنے بنیادی حق کے حصول کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، سندھ جو محبت یگانگت اور صوفیوں کی سرزمین ہے اسے بے امنی کی آگ سے نجات دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کو آزما چکے ہیں۔ انہوں نے عوام کو مایوس کیا ہے، سندھ پر کرپٹ ٹولے کو مزید مسلط نہیں رہنے دیا جائے گا، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی سیاسی مصلحتوں کے پیش نظر کبھی سندھ میں امن بحال نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے عوام بھی بنگلا دیش، مصر،شام اور افغانستان کی طرح یہاں کے کرپٹ حکمرانوں کو اٹھا کر پھینک دیں گے، عوام سڑکوں پر نا اہل حکمرانوں کو چیلنج کر دیں، جماعت اسلامی کی اہل دیانتدار قیادت کی چھتری تلے جمع ہو جائیں، جماعت اسلامی ملک کو مسائل، قرضوں سے نجات دلا کر امن خوشحالی قائم کرے گی اور عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔