پشاور:کرم کے علاقے میں اشیائے ضروریہ پہنچانے والی 25 گاڑیاں پاراچنار پہنچ گئی ہیں، تاہم باقی 20 گاڑیاں کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے کرم روانہ نہیں ہو سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کرم کے مطابق اشیائے ضروریہ پر مشتمل گاڑیوں کا قافلہ پاراچنار پہنچنے میں کامیاب رہا، لیکن دیگر گاڑیاں اب بھی کلیئرنس کی منتظر ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق قبائلی رہنما حاجی عابد نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور بتایا کہ کئی دنوں کے انتظار کے بعد صرف 25 گاڑیوں کا قافلہ روانہ کرنا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرم کی عوام کے لیے خوراک اور ادویہ کی ضرورت کا اندازہ نہیں لگایا جا رہا، اور اس فیصلے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں مزید کہا کہ کرم روانہ ہونے کی منتظر 200 گاڑیاں اب تک راستے میں موجود ہیں اور صرف 45 گاڑیوں کا روانہ کیا جانا اس سے زیادہ غیر تسلی بخش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو فوری طور پر اس مسئلے کا حل نکالنا چاہیے تاکہ لاکھوں کی آبادی کو خوراک اور ادویہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب اشیائے ضروریہ کی آمد کے موقع پر پاراچنار میں شہریوں کا رش لگا رہا، جہاں لوگ سامان خریدنے کے لیے بڑی تعداد میں موجود تھے۔