چیمپئنز ٹرافی: کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس 16یا17 فروری کو متوقع

115

لاہور: چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس 16 یا 17 فروری کو پاکستان میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کے مطابق آئی سی سی کو ایک خط کے ذریعے یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ ایونٹ کے آغاز سے پہلے میزبان ملک میں تمام ٹیموں کے کپتان جمع ہوتے ہیں اور اپنی تیاریوں پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما سمیت تمام شریک ٹیموں کے کپتان موجود ہوں گے۔ یہ ایونٹ 19 فروری سے شروع ہوگا اور پریس کانفرنس ایونٹ کے آغاز سے 2یا 3دن قبل رکھی جائے گی، جس کا حتمی دن آئی سی سی طے کرے گی۔

بھارت سمیت تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں، آفیشلز، میڈیا، اسپانسرز اور شائقین کو ویزے فراہم کرنا میزبان ملک کی ذمے داری ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام ضروری ویزے جاری ہوں اور تمام شرکا کو پاکستان آمد کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں۔

آئی سی سی جلد ہی وارم اپ میچز کے شیڈول کا اعلان کرے گی، جس کے بعد پریس کانفرنس کے حتمی دن کا تعین ہوگا۔