بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سے چوڑی کی صنعت متاثر ہے،عبدالجبار

78

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک و سابق ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ اور گھریلو و کمرشل صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہو ں نے کہا کہ بدقسمتی سے سندھ کا دوسرا بڑا شہر حیدرآباد اس وقت بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہے، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں خواتین کی پریشانی کے ساتھ ساتھ دکاندار اور کاروباری طبقہ بھی بری طرح پریشان ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سب سے زیادہ حیدرآباد میں چوڑی کی صنعت متاثر ہوئی ہے جس سے وابستہ 2 لاکھ سے زائد افراد معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس ہر گھر کی ضرورت ہے، اس کے بغیر گزارہ ممکن نہیں جس میں خاص طورپر سوئی گیس کی اہمیت بہت زیادہ ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ کی و جہ سے زیادہ تر افراد ایل پی جی استعمال کر رہے ہیں جو اضافی بوجھ ہے اور اس کے سبب مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی معاشی پریشانی کا بھی شکار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جو غریب عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتی، وفاقی حکومت اس کا نوٹس لے اور مسئلہ حل کرے۔