عوام سمجھ گئی، اسٹیبلشمنٹ نے جماعت اسلامی کو اسمبلیوں سے باہر کیوں رکھا ؟طاہر مجید

78

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد انجینئر حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ حکمران عوام کے لیے وبال جان بن چکے ہیں، اپنی عیا شیاں ختم کرنے کو تیار نہیں، عوام پر ٹیکسوں کی بھر مار کی ہوئی ہے۔ یہ بات انہوں نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مہنگائی کے خلاف احتجاج ختم نہیں ہوا، اسے موخر کیا گیا تھا، بجلی، گیس کے بلوں میں اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے لیکن حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں عوام کے ساتھ نا انصافی اور ظلم کی انتہا کردی، حالیہ اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں اور مراعاتوں میں اضافہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا عوام کو اب اچھی طرح سمجھ میں آگیا ہے کہ جماعت اسلامی کو اسٹیبلشمنٹ نے اسمبلیوں سے باہر کیوں رکھا تھا؟ کیوں اصل پوزیشن اور عوام کی آواز جماعت اسلامی تھی، انہوں نے کہا کہ 17 جنوری سے جماعت اسلامی بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کرے گی، ضلع حیدرآباد میں بھی احتجاج کیا جائے گا، اب عوام کو اپنے حقوق اور مہنگائی سے نجات پانے کے لیے جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دینا ہو گا، جماعت اسلامی اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک عوام کو ریلیف نہیں مل جائے اور حکمران اپنی عیاشیاں ختم نہ کردیں۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی وہ 17 جنوری کے احتجاج کے لیے عوام سے رابطہ تیز کریں اور عوام کی احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔