گوادر ،سٹیلمنٹ دفتر پر تالے متاثرین کا احتجاجی دھرنا جاری

87

گوادر (نمائندہ جسارت) گوادر سیٹلمنٹ آفس پر تالے برقرار متاثرین کا آفس کے باہر دھرنا جاری ، سیٹلمنٹ آفس کو غریبوں کی اراضیات کی بندر بانٹ کا آماجگاہ نہیں بنیں گے۔ متاثرین کی داد رسی کی جائے اراضیات کی بندر بانٹ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے،متاثرین۔ تفصیلات کے مطابق گوادر میں محکمہ ریو نیو ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی ایما پر علاقے کے غریب ، مسکین اور بیواؤں کی اراضیات پر لینڈ مافیا کے ذریعے بندر بانٹ کرنے کے خلاف ایم پی اے گوادر کے ضلعی کوآرڈینیٹر چیئر مین میونسپل کمیٹی گوادر شریف میانداد کی سربراہی میں سیٹلمنٹ آفس گوادر میں تالے لگا کر آفس کے باہر متاثرین کے ساتھ دھرنے پربیٹھ کر احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سیٹلمنٹ آفس میں کوئی دفتری امور کی انجام دہی نہیں ہوپا رہی ہے۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ جو ادارہ لوگوں کو انصاف نہ دے غریبوں کی اراضیات ان سے ہتھیا لے اور سرکاری راشی افسران کی آشیرباد اور لینڈ مافیا کے ذریعے بندر بانٹ کی آماجگاہ ہو اس ادارے پر تالے لگنا ہی بہتر ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن اور ضلعی کوآرڈینیٹر میونسپل کمیٹی کے چیئرمین شریف میانداد نے کہا کہ وہ متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی سرکاری ادارے کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ زنی نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے گوادر میں غریب کسانوں کی اراضیات پر سیٹلمنٹ کی ایما پر لینڈ مافیا کے ذریعے بندر بانٹ پر اپنی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے اس ظلم وزیادتی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وہ اس بندر بانٹ کی شدید مذمت کرتے ہیں ،اب اس دھندہ کو بند ہونا چاہیے جس کے نتیجے میں وہ غریبوں بے سہارا اور بے کسوں کی اراضیات کو ہتھیانے اور لینڈ مافیا جس کی بنا پر محکمہ سیٹلمنٹ کو باقاعدہ استعمال کررہا ہے اب کسی کو ایسا نہیں کرنے دیں گے ۔انہوں نے صوبائی حکومت سے تحصیل دار محکمہ سیٹلمنٹ اور دیگر اراضیات کی ہیر پھیر میں ملوث اہلکاروں کو گوادر سے فوری طور پر ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر متاثرہ زمینداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے لینڈ مافیا نے ان کی جدی و پشتی اراضیات پر قبضہ کر رکھا ہے جبکہ محکمہ سیٹلمنٹ خفیہ طریقے سے ہماری ان اراضیات کو لینڈ مافیا کے ذریعے بندر بانٹ کر رہی ہے جو ظلم وزیادتی کی مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوادر اور قریبی علاقوں کے زمینداروں کو انصاف دیا جائے جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا ہم اپنے حق کے لیے احتجاج اور عدالت تک بھی جائیں گے۔ اس موقع پر زمینداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔