مضبوط معیشت کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ، افتخار علی ملک

73

کراچی (کامرس رپورٹر ) سارک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ پائیدار ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کیلئے تمام سیاسی قوتیں مل کر کام کریں۔ اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مستحکم سیاسی ماحول سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا ہے، اقتصادی سرگرمیوں اور اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے جبکہ سیاسی عدم استحکام سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہوتی ہے اور مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔افتخار علی ملک نے مزید کہا کہ بلند افراط زر، بے روزگاری اور مالیاتی خسارے جیسے معاشی چیلنجوں کا سامنا کرنے والے ملک کیلئے طویل مدتی اصلاحات اور سیاسی استحکام ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مستحکم حکومت ہی توانائی، زراعت اور صنعت جیسے اہم شعبوں میں سٹرکچرل مسائل کو حل کر سکتی ہے، سیاسی استحکام سے ہی سماجی ہم آہنگی، مساوات، جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ پروان چڑھ سکتی ہے جو جامع ترقی کی بنیاد ہیں۔ افتخار ملک نے کہا کہ سیاسی استحکام محض سیاسی ایجنڈا نہیں بلکہ خوشحال اور خود انحصار پاکستان کی تعمیر کے لیے بنیادی شرط ہے جس کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔