جاپان، امریکا اور فلپائن بحری تعاون جاری رکھنے پر متفق

128

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان، امریکا اور فلپائن نے ایک آن لائن اجلاس میں بحری سلامتی اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ جاپان کے وزیر اعظم اشیبا شیگیرو نے پیر کے روز امریکی صدر جو بائیڈن اور فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کے ساتھ 30 منٹ کی وڈیو کانفرنس کی۔تینوں رہنماؤں نے جزوی طور پر چین کی بڑھتی ہوئی بحری سرگرمیوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے، اس امر پر اتفاق کیا کہ وہ آئندہ ہفتے صدر بائیڈن کی مدتِ عہدہ مکمل ہونے کے بعد بھی بحری اور اقتصادی سلامتی کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرتے رہنا جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب جاپان کے حکمران اتحاد کے عہدے داروں کا ایک وفد ٹوکیو سے چین کے لیے روانہ ہو گیا ۔ یہ 3روزہ دورہ دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکرٹری جنرل موری یاما ہیروشی اور حکمران اتحاد میں ان کے ہم منصب نِشیدا ماکوتو 12 رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ایجنڈے میں جاپانی درآمدات، چین میں زیرِ حراست جاپانی شہری اور شمالی کوریا کے میزائل تجربات پر بات ہوگی۔