عمران خان کی 9 مئی مقدمات میں ضمانت درخواستوں پر اعتراضات دور

122

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے8 مقدمات میں 7درخواست ضمانتوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قرار دیکر رجسٹرار آفس کو نمبر لگانے کی ہدایت کردی ۔جبکہ ایک مقدمے میں رجسٹرار آفس کا اعتراض
برقرار رکھتے ہوئے عدت کیس کے فیصلے کی مصدقہ کاپی ساتھ لگانے کاحکم دیدیا۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت کے روبرو سابق وزیراعظم عمران خان نے جناح ہائوس حملہ کیس دیگر مقدمات میں درخواست ضمانتیں دائر کی ہیں۔ دوران سماعت درخواست گزار بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیاکہ سابق وزیراعظم 9 مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھے، سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام لگا کرمقدمات میں نامزد کیا گیا ۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی 8درخواستیں مسترد کردی تھیں۔ درخواست گزار 2 سال سے مقدمات کا سامنا کر رہا ہے۔ استدعا ہے عدالت آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے ، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ رجسٹرار آفس نے 7 درخواستوں پر صرف ایک جیسا اعتراض لگایاہے کہ بانی پی ٹی آئی کے انگوٹھے کا نشان نہیں ہے آٹھویں درخواست پر اعتراض تھا کہ عدت کیس کی مصدقہ کاپی ساتھ لف نہیں ہے،میں اگلی سماعت پر نیا بیان حلفی بھی جمع کروا دوں گا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے 8 مقدمات میں 7درخواست ضمانتوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قرار دیکر رجسٹرار آفس کو نمبرلگانے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے ایک مقدمہ میں رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے عدت کیس کے فیصلے کی مصدقہ کاپی ساتھ لگانے کاحکم دیدیا۔