بنو قابل پروگرام 4.0 کا بارہواں ٹیسٹ ،لانڈھی کورنگی کے ہزاروں نوجوانوں کی شرکت

92
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان، ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام نوید علی بیگ‘ اورامیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ کورنگی میں بنو قابل اپٹڈی ٹیوٹ ٹیسٹ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت بنو قابل پروگرام 4.0کا 12واں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ راشد لطیف اسٹیڈیم اور نسیم حمید گراؤنڈ کورنگی میں منعقد کیا گیا ،جس میں لانڈھی اور کورنگی کے ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔دونوں گرائونڈ ٹیسٹ کے شرکاء سے بھر گئے ،طلبہ و طالبات کی غیر معمولی شرکت کے باعث منتظمین کی جانب سے کیے گئے انتظاماے کم پڑ گئے
،12ہزار طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کروائی تھی لیکن کئی ہزار اضافی آمد کے باعث ہنگامی طور پر انتظامات کرنے پڑے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹیسٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورنگی اور لانڈھی کے نو جوان کسی سے پیچھے نہیں ۔ کراچی میں الخدمت بنو قابل کا یہ بارہواں پروگرام ہے، اب تک 50 ہزار نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کروا چکے ہیں ۔ الخدمت بنو قابل 4.0 کے لیے دو لاکھ نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی۔ نوجوان آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر کے والدین کا سہارا بنیں گے۔ تقریب سے سی ای او الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی )کے صدر جنید نقی ، چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان، امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ودیگر نے خطاب کیا۔خطاب سے قبل قائدین کے ہمراہ ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ ٹیسٹ میں شریک طلبہ وطالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا۔تقریب میں مختلف شعبہ جات میں لانڈھی و کورنگی سے وابستہ افراد کی جانب سے کارہائے نمایاں انجام دینے والوں کو فخر ِ لانڈھی کورنگی ایوارڈز بھی دیئے گئے ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے ۔ نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے، اس شہر کی تعمیر کریں گے۔ہم نے نوجوانوں کا ہاتھ تھاما ہے ، الخدمت بنو قابل پروگرام کراچی کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی نوید اور آگے بڑھنے کا سہارا اور ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ میٹرک اور انٹر کے طلبہ کے نتائج اور ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کا حال سب کے سامنے ہے ،نوجوانوں کو مایوس کیا جا رہا ہے ، کراچی کے نوجوانوں کی تعلیمی نسل کشی کی جا رہی ہے ، مایوسی کی کیفیت میں لوگ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں ، ہم نوجوانوں سے کہتے ہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ۔بنو قابل سے آئی ٹی کورسز کرکے آگے بڑھیں ، کراچی اور پورے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔منعم ظفرخان نے کہا کہ نوجوان اسلام سے محبت کرنے والے بنیں،اچھے اخلاق اور کردار سے مزین ہوں ۔علم کے ہتھیار سے لیس ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو کامیابی سے نہیں روک سکتی ۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت جو کورسز مفت کروارہی ہے وہ سرکاری اور پرائیویٹ کالجز اور یونیورسٹیز میں بہت مہنگے ہیں ۔بنو قابل کے پہلے 3 سیشنز سے 50ہزار بچے کورسز پاس کرچکے ہیں۔یہ نوجوان فری لانسنگ اور جابز کے ذریعے 300ڈالر ز تک کما رہے ہیں ۔ہر سال میٹرک سے ساڑھے 4لاکھ بچے نکلتے ہیں ،مگر انہیں آگے کچھ نظر نہیں آتا ۔حافظ نعیم الرحمن کا وژن ہے کہ اس شہر کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی فری مہارت فراہم کی جائے تاکہ یہ نوجوان اپنا، اپنے والدین اور ملک و قوم کا مستقبل روشن بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت 28بہترین کورسز کروارہی ہے۔ شہر بھر میں 55 آئی ٹی ٹریننگ سینٹر قائم کیے ہیں ،جہاں بہترین اور قابل اساتذہ آئی ٹی کی تعلیم دیں گے ۔ ہم نے شہر میں 4انکیبیوشن سینٹرز بھی قائم کیے ہیں جس میں بچوں کی صلاحیتوں کو نکھاراجا رہا ہے ۔ بہت جلد آرٹیفیشل انٹیلی جینس ( AI) کے حوالے سے بڑا پروگرام شروع کریں گے ۔ کراچی کے دیگر علاقوں کی طرح لانڈھی اور کورنگی کے بچے بھی آگے بڑھیں گے ،پڑھیں گے اور ملک وقوم کا نام روشن کریں گے ۔ کاٹی کے صدر جنید نقی نے الخدمت بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کے انعقاد اور ہزاروں طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروانے پر الخدمت کو مبارکباد دی اور آئی ٹی کے میدان میں نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے پر بھر پور خراج ِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ الخدمت لانڈھی و کورنگی کے نوجوانوں کی بڑی خدمت کر رہی ہے ، اس کے ذریعے نوجوان اپنی صلاحیتیوں اور مہارتوں کو استعمال کر کے اپنے مستقبل کو بہتر طریقے سے تعمیر کر سکیں گے ۔مرزا فرحان بیگ نے بھر پور ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کے انعقاد پر انتظامی کمیٹی اور منتظمین کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اورالخدمت لانڈھی و کورنگی کے ہزاروں نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی میدان میں جدو جہد اور کوششیں جاری رکھے گی ،انہیں فری آئی ٹی کورسز کروائے جائیں گے۔