کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) یورپ کے لیے پروازوں کا آغاز ہوتے ہی قومی ائیرلائن کے اعلیٰ افسروں کے بھاری الاؤنس کے ساتھ مفت سفر کے مزے شروع ہوگئے۔
پیرس جانے والی پہلی ہی پرواز پر قومی ائیرلائن کے سی ای او ائیروائس مارشل عامر حیات سمیت متعدد اعلیٰ افسران سرکاری خرچ اور مفت ٹکٹ پر پیرس پہنچے ہیں ، ایک افسر اپنی فیملی بھی ساتھ لے گئے ہیں۔فلائٹ سیفٹی کے سنگین معاملات کی وجہ سے قومی ائیر لائن کی یورپ کیلئے پروازوں پر چار سال سے زیادہ پابندی عائد رہی اس پابندی کے خاتمے کے بعد گزشتہ روز قومی ائیرلائن کی پہلی پرواز اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوئی۔ اس پرواز پر ٹکٹ خرید کر سفر کرنے والے مسافروں کے علاوہ مفت ٹکٹ اور سرکاری خرچ پر پیرس جانے والے پی آئی اے کے 11 اعلیٰ افسران اور ان کے خاندان کے ارکان بھی شامل تھے۔
عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد ایک بار پھر قومی ائیرلائن کے سی ای او بنائے جانے والے ائیر وائس مارشل عامر حیات کے علاوہ ڈائریکٹر کمرشل ، ڈائریکٹر ایچ آر اور ڈائریکٹر ٹیکنکل سمیت 9 افسران نے طیارے کے اکانومی پلس یعنی کلب کلاس میں سفر کیا، ایک ڈائریکٹر نے تو اپنی فیملی کے ساتھ اکانومی پلس کلاس میں سفر کیا۔ائیر لائن ذرائع کے مطابق پیرس پہنچنے والے افسرا
یورپ جانیوالے یہ افسران او سی ایس الاؤنس یعنی بیرون ملک ڈیوٹی کی مد میں بھاری رقم بھی وصول کریں گے۔ پاکستان سے جانے والے اعلیٰ افسران کی پروٹوکول ڈیوٹی کیلئے قومی ائیرلائن کے افسران کی ایک ٹیم پہلے ہی غیر ملکی ائیر لائن کے ذریعے پیرس پہنچی ہوئی ہے۔دوسری جانب وزارت نجکاری کے مطابق سالانہ اربوں روپے خسارے کی وجہ سے قومی ائیرلائن کی نجکاری کا منصوبہ ہے۔