القادر ٹرسٹ کیس:عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، بابر اعوان

67

اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان  کاکہنا  ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، حکومت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بانی پی ٹی آئی کو ٹرسٹ کی پراپرٹی پر ایک علم کا شہر آباد کرنے کے مقدمہ میں سزا دے رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہاکہ بشری بی بی اور رہا ہونے والے کارکنان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا،  حکومت کی کینگرو کارروائیاں عوام کا حوصلہ کم نہیں کرپارہی ہیں، جو فیصلہ جج نے سنانا ہے وہ سوشل میڈیا پر سنایا جارہاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  سوشل میڈیا کے نجومی کہہ رہےکہ عمران کے خلاف جو فیصلہ آئے گا وہ 77صفحات پر مشتمل ہوگا، سمجھ نہیں آرہاہے کہ اس ملک میں یہ کیسا انصاف ہورہاہے کہ جو فیصلے عدالت نے کرنے وہ سوشل میڈیا کے نجومی کررہے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت جلدی میں اس لیے ہیں کہ گلوبل اور ریجنل تبدیلیاں آ رہی ہیں، عارضی نظام حکومت اور فرضی فارم 47 والوں کا کوئی مستقبل باقی نہیں رہا، ان کا ٹائم آگیا ہے، حکومت دیمک لگی لکڑیوں  کے سہارے کھڑی ہے جو کسی وقت بھی ٹوٹ سکتی ہے۔