اوآئی سی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کےفروغ کے لیےکوشاں ہے،آفتاب کھوکھر

66
سماجی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین راجہ ریاض، آصف بٹ ، اور دیگر آفتاب کھوکھرکے ساتھ

گزشتہ دنوں جدہ میں سماجی رابطہ کمیٹی کی جانب سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے شعبہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے معاون جنرل سیکرٹری آفتاب احمد کھوکھرکے اعزاز میں ایک نشست منعقد ہوئی جس میں پاکستان انجینیرنگ ویلفیئر فورم (پی ای ڈبلیو ایف) کے انجینئرآصف محمود بٹ کی جانب سے آفتاب کھوکھرکواعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔ منعقدہ تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے شعبہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے معاون جنرل سیکرٹری آفتاب کھوکھر کا کہنا تھا کہ او آئی سی مسلم ممالک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے تاکہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی دنیا کا بھرپور مقابلہ کیا جاسکے انھوں مزید کہا کہ او آئی سی اسلامی ممالک کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس سے امت مسلمہ کے اتحاد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سے مسلم ممالک کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ سائنس اینڈ
ٹیکنالوجی کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دورمیں مسلم ممالک باقی دنیا کا بہتر انداز میں مقابلہ کرسکیں۔ او آئی سی کو متحرک بنانے میں سعودی عرب کے ساتھ ساتھ پاکستان کا بھی ہمیشہ اہم کردار رہا ہے۔ سماجی رابطہ کمیٹی جدہ کے چیئرمین راجہ ریاض، آصف بٹ ، ڈاکٹر معین الدین اور دیگر کا کہنا تھا کہ آفتاب کھوکھر ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سفارت کار ہیں جو او آئی سی میں بھی گراں خدمات سے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔