کراچی میں سردی بڑھ گئی،آج تیز ہوائیں چلنے کا امکان

131

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی میں اتوار کو سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ ہوا، کم سے کم پارہ 2.2 ڈگری کمی سے 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جب کہ آج پیر کو معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اتوار کوشہر میں فضاوں پر چھانے والی ہلکی دھند کے باعث حدِ نگاہ 3 کلو میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں گزشتہ روز کے مقابلے میں 0.9 ڈگری
کمی رہی،شہرمیں دن بھر شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلیں،جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق پیر کو شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، تندوتیز ہوائیں چلنے کے سبب مجموعی درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، صبح کے وقت کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں 9 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔