غزہ /تل ابیب /دوحا (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اس نے موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک وفد کی قیادت کریں جو دوحا روانہ ہو جائے تاکہ ہمارے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو آگے بڑھایا جا سکے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ڈیوڈ برنیا اور ان کا وفد قطر کب پہنچے گا۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی اسٹیووٹکوف اچانک اسرائیل کے دورے پر یہ پیغام لے کر پہنچے ہیں کہ 20 جنوری کو حلف برداری سے قبل ایک معاہدہ طے پاجانا چاہیے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت کا امکان ہے، جنگ بندی مذاکرات کے بعد فوجیوں کا انخلا یقینی بنایا جائے گا۔ شمالی غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ اور دھماکا خیز مواد
پھٹنے سے میں4 اسرائیلی فوج ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے، جبالیہ میں اسکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 2 بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء کے بعد سے جاری جارحیت کے دوران ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد 403 ہو گئی۔ قبل ازیں، اسرائیلی فوج نے ہفتے کو دعویٰ کیا کہ اس نے شمالی غزہ میں جبالیہ کے قریب ایک زمینی کارروائی میں 3 عسکریت پسندوں کو شہید کر دیا، جہاں اسرائیلی فوجی اکتوبر کے اوائل سے شدید حملے کر رہے ہیں اور اس کا مقصد حماس کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنا ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ انتہائی قریب پہنچ گیا، اس حوالے سے غزہ میں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی رہائی اور ممکنہ جنگ بندی کے معاہدے پر قطر میں بات چیت جاری ہے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان 33 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ رہائی ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد کا تعین زندہ اور مردہ قیدیوں کی تعداد جاننے کے بعد کیا جائے گا۔ غزہ جنگ میں شامل رہنے والا اسرائیلی فوجی تھائی لینڈ میں ہلاک ہوگیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 21 سالہ اسرائیلی فوجی روتم یائیش اپنے خاندان کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے تھائی لینڈ گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق2 ماہ قبل تک غزہ میں اسرائیلی فوج کی گیواتی بریگیڈ میں لڑنے والا روتم یائیش تھائی لینڈ میں موٹرسائیکل حادثے میں ہلاک ہوا۔
غزہ