اقبال سکندر نے سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن میں اہم عہدہ سنبھال لیا

29

ریاض (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کے سابق کرکٹر اقبال سکندر نے سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن میں جنرل منیجر آف کرکٹ کا چارج سنبھال لیا ہے۔سعودی کرکٹ فیڈریشن نے اقبال سکندر کو اس عہدے پر تعینات کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تقرری سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی اور ایک اہم سپورٹس کے طور پر اس کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔اقبال سکندر نے پاکستان کی طرف سے چار ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں، وہ 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا کھیل خاص طور پر ایشیائی تارکین کے باعث پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے مقبول ہے۔اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیل فٹ بال کے بعد دوسرے نمبر پر کرکٹ ہے۔اقبال سکندر لیگ بریک گوگلی بولر رہے، انہوں نے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ میں حصہ لیا۔انہوں نے پاکستان کی قومی ٹیم کے علاوہ بہاولپور، حیدرآباد (پاکستان)، کراچی اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نمائندگی بھی کی۔سابق پاکستانی کرکٹر نے 189 فرسٹ کلاس میچز میں 658 وکٹیں لیں جبکہ 4 ہزار 204 رنز بنائے۔اقبال سکندر نےآئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے ڈیولپمنٹ آفیسر کے طور پر کام کیا ہے۔ اس کردار میں افغانستان اور دیگر ملکوں میں کرکٹ کے قیام میں مدد کرنا شامل تھا۔