کراچی( پ ر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع شمالی میں مدرسات کے لیے قرآن فہمی کورس کی پہلی کلاس میں رکن کراچی شوریٰ اور ناظمہ ضلع تیموریہ (وسطی ) مسرت جنید نے اسلام کے نظام عبادات پر مفصل روشنی ڈالی۔اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہر وہ طاقت جو انسانوں سے اپنی بات منوانے کیلئے اللہ کے مقابل آجائے طاغوت ہے اور طاغوت کا انکار اللہ کو معبود ماننے کی اولین شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت کے زوال کی بڑی وجہ قاری کا قرآنی اصطلاحات سے صرف نظر اور لا علمی ہے،اس لیے قرآن جو دلوں کو بدلنے کی تاثیر رکھتا ہے قاری اس کے فہم سے محروم رہ جاتا ہے اور معاشرے پر بھی قرآنی قوانین کی برکات نظر نہیں آتیں۔ الہ،رب،عبادت اور دین قرآن کی بنیادی اصطلاحات ہیں جن کو سمجھنا ضروری ہے۔ معتمدہ ضلع شمالی امیمہ محتشم نے کہا کہ قرآن نظام کی تبدیلی کا مطالبہ کرتا ہے، قرآن سے وابستہ ہر فرد جب تک عملی طور پر اس جد و جہد میں حصہ نہ لے قرآن پر عمل پیرا نہیں ہو سکتا۔اس لیے مدرسات اچھی تیاری، فہم قرآن اور دعاؤں کے اہتمام کے ساتھ قران کا پیغام عام کریں۔