حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل مرکزی نائب صدر پیر یاسر سائیں کے میڈیا کوآرڈینیٹر شاہد خان اور علاقہ مکین کی نشاندہی پر شاہی بازار، فقیر کا پیڑ سمیت دیگر اطراف میں تجاوزات کے خلاف بلدیہ، ایچ ایم سی ظہور لکھن نے نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب مرزا، ندیم کمار، عمیر مغل، وسیم سیال، ایاز احمد مگسی، ماجد خان نے عملے کو جائے وقوع پر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بھیجا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما شاہد خان اور علاقہ مکین موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ آئے روز بڑھتی ہوئی تجاوزات سے گلی محلے تنگ ہو گئے ہیں، دکانداروں نے پختہ تھلے بنا کر شٹر باہر کر دیے اور 4، 4، 5، 5 فٹ کی فولڈنگ لگا کر دکان مزید باہر کر دیے جس کی وجہ سے آنے جانے والے علاقہ مکینوں کا گزرنا محال ہو گیا، شاہی بازار، کھلونا مارکیٹ، فقیر کا پیڑ چکی والی گلی و دیگر اطراف غیر قانونی تھلے کیبن، مرغیوں کے پنجرے قصابوں نے چھوڑ رکھے ہیں جس سے داخلی راستے مکمل بند ہو گئے، اس کے علاوہ گدھا گاڑیاں، لوڈر پورا دن بازار میں قطاروں کی طرح کھڑی کی جاتی ہیں جس سے راستے بلاک ہو جاتے ہیں، کسی قسم کی ایمرجنسی میں سہولیات میسر نہیں ہو سکتی، آئے روز دکاندار اور علاقہ مکین میں تلخ کلامی معمول بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کلیئر اور دکان داروں کو سختی سے ہدایت دی جائے کہ وہ اپنی حدود میں رہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے عائد کیے جائیں جس کے لیے اہل علاقہ آپ کے بے حد مشکور ہوں گے۔