مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم میں رکاوٹوں کاخاتمہ ناگزیر ہے،رابطہ عالم اسلامی

42
اسلام آباد:وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد کو سوینئر پیش کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز)رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا ہے کہ اسلام تعلیم کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتا ہے ،لڑکیوں کی تعلیم کیلئے کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے،مسلم معاشرہ میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے درپیش چیلنجز کا خاتمہ ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالہ سے دو روزہ کانفرنس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی تعلیم کے میدان میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ پاکستان کی حکومت خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کی تعلیم کے حوالہ سے بہت کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالہ سے کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔خواتین تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر معاشرہ کی ترقی اور تکمیل کا باعث ہیں۔ پاکستان کی حکومت نیوزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرنگرانی کانفرنس کے بہترین انعقاد کا حق ادا کیا ہے ۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اسلام آباد اعلامیہ ایک تاریخی ڈیکلریشن ہوگا ۔ خواتین کیلئے تعلیمی سکالر شپس کا اجرا کیا جائے گا۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے کہاکہ تمام علمائے کرام نے خواتین کی تعلیم کے حوالہ سے اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے ۔ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ مسلم معاشرہ میں خواتین کو تعلیم کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہیں ۔ امت مسلمہ خواتین کی تعلیم کیلئے بہتر سے بہتر مواقع فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے ۔ تمام علما کرام بھی خواتین کی تعلیم کیلئے پرعزم ہیں ۔خواتین کی تعلیم کیلئے عالم اسلام کے تمام علما اور مکاتب فکر متفق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے مسلم ورلڈ لیگ کے اقدام کے تحت پاکستان میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد مسلم معاشرہ میں لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور دنیا کے سامنے اسلامی تصورات کی درست عکاسی ہے۔