پاکستان بزنس فورم کا غزہ مارچ میں شرکت کا اعلان

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس فورم (PBF) نے اپنے صدر سہیل عزیز کی قیادت میں 12 جنوری 2025 اتوار کی سہہ پہر 3 بجے سی ویو، کراچی پر منعقد ہونے والے غزہ : مارچ میں بھر پور شرکت کا اعلان کیا ہے۔

اس اہم مارچ کا مقصد غزہ میں ہونے والے مظالم کے خلاف اجتماعی آواز بلند کرنا اور اسرائیل کی جانب سے معصوم مردوں، عورتوں اور بچوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرنا ہے۔

اپنے بیان میں سہیل عزیز نے کاروباری برادری کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی اور انسانیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کراچی کی کاروباری برادری، PBF کے عہدیداران اور اراکین کو اس اہم مقصد کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم انسانیت کے لیے کھڑے ہوں اور اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔

آئیے مل کر غزہ مارچ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ دنیا کو اتحاد اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا مضبوط پیغام پہنچایا جا سکے۔پاکستان بزنس فورم نے مظلوموں کی آواز کو بلند کرنے میں کمیونٹی کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

پاکستان بزنس فورم نے انصاف کے حق میں آواز اٹھانے اور اس مارچ کے ذریعے آگاہی بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان بزنس فورکراچی چیپٹر تمام شہریوں، کاروباری رہنماﺅں اور تنظیموں کو غزہ مارچ میں شامل ہونے اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی دعوت دیتا ہے۔