بنگلا دیش کے اسٹار کرکٹر اور سابق کپتان تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ یہ ان کا دوسرا اعلان ہے، کیونکہ اس سے قبل جولائی 2023 میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا مگر 24 گھنٹے بعد فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
تمیم اقبال نے سوشل میڈیا پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ بائیں ہاتھ کے کرکٹر تمیم نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور تھے اور اب یہ ان کے کیریئر کا اختتام ہے، اس فیصلے پر کافی سوچ بچار کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ کے قریب ہونے کے باوجود وہ اپنی واپسی کے بارے میں ڈسکشن نہیں کروانا چاہتے۔ وہ طویل عرصے سے بی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے الگ ہو چکے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ یا کھیلنے کا فیصلہ ہر کھلاڑی کا ذاتی معاملہ ہوتا ہے۔
تمیم اقبال نے کہا کہ کپتان نظم الحسین شنتو نے نیک نیتی سے ان سے واپسی کے بارے میں پوچھا تھا اور سلیکشن کمیٹی نے بھی ان سے سلیکشن کے حوالے سے بات کی تھی، مگر انہوں نے فیصلہ کر لیا تھا اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز کو اپنی ریٹائرمنٹ سے آگاہ کر دیا ہے۔