سجاول: زرعی، سماجی و ثقافتی اور تعلیمی و سائنسی میلہ لگانے کا فیصلہ

59

سجاول (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ زرعی، سماجی و ثقافتی اور تعلیمی پروجیکٹ پر مبنی سرگرمیوں میں جدید اور اختراعی اقدامات کو فروغ دینے اور ان کی نمائش کے لیے میلے کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی، سماجی و ثقافتی اور تعلیمی و سائنسی میلے کے انعقاد سے متعلق دربار ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں بالخصوص محکمہ زراعت اور جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیسٹیول میں نمائش کے لیے زراعت اور درخت لگانے سے متعلق اپنے پروجیکٹ کے متعلق پلان جلد پیش کریں۔ انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والی تمام ملکی و غیر ملکی این جی اوز کو بھی زراعت، سماجی و ثقافتی، تعلیم، درخت لگانے اور سائنسی سرگرمیوں سے متعلق اپنے پلان کے ساتھ آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے پابند بنائیں تاکہ مزید حکمت عملی تشکیل دے کر فیسٹیول کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے اور غذائی استحکام کے حصول کے لیے اس شعبے کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔