نواب شاہ میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، شاہ نجف رضا

53

نواب شاہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی نواب شاہ نجف رضا نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا، بڑی گاڑیوں کا داخلہ رات کے اوقات میں داخل نہیں ہوتا جبکہ گاڑیوں کے سیاہ کاغذ ہٹانا احسن عمل ہے لیکن یہ ٹریفک رُکاوٹ کا حل نہیں، اس لیے سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں، اسکولز کے اوقات کار میں مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک سارجنٹ تعینات کیے جائیں، بازاروں میں گاڑیوں کے داخلے روکے اور مخصوص جگہوں پر پارکنگ مختص کی جائے، جماعت اسلامی شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور شہری مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے، شہر میں ٹریفک کا نظام انتہائی ہولناک اور پریشان کن مناظر پیش کررہا ہے، ٹریفک کی سرے سے کوئی ترتیب ہے نہ کسی کو ٹریفک کے قوانین سے دل چسپی اور نہ کبھی کسی نے اس کی بہتری کے لیے سوچا، شہر کی اہم شاہراہیں اور انہیں ملانے والی سڑکیں تباہ حالی کا شکار ہیں، شہری بڑے علاقوں کا حال اس سے مختلف نہیں ہے۔ حکام سڑکوں کی مرمت نہ ہونے کی وجہ فنڈز کی عدم دستیابی بتاتے ہیں، اگر اس وجہ کو تسلیم کرلیا جائے تو پھر عوامی مفاد کو نظر انداز کرکے صرف وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے ہنگامی طور پر سڑکوں کی مرمت کیسے ہوجاتی ہے؟ جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ اور ابتری کا شکار ہیں۔