سیلز ٹیکس ایک ہی ہونا چاہیے ، ایڈیشنل چارجز کا کوئی جواز نہیں

14

فیصل آباد (کامرس ڈیسک)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ ایشیا کی سب سے بڑی یارن مارکیٹ کی بحالی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو باہمی افہام و تفہیم سے کام کرنا ہوگا۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں منعقد ہونیوالے پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس ایک ہی ہونا چاہیے جبکہ سیلز ٹیکس کے بعد ایڈیشنل چارجز کا قطعاً کوئی جواز نہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کے علاوہ سیلز ٹیکس کی وصولی کے نظام میں دو عملی کو ختم کرنے کیلئے اصلاحات کی بھی اشد ضرورت ہے۔ سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے کہا کہ یارن کا کاروبار کرنے والے ہر فرد کو رجسٹرڈ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دس سے 15لاکھ روپے کا مال بیچنے پر ٹیکس کی چھوٹ ہونی چاہیے جبکہ 5لاکھ سے زائد مالیت کی تمام ٹرانزیکشن بینک کے ذریعے ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ برآمد کنندگان کو اپنی ضروریات کے مطابق یارن کی درآمد کی اجازت ہونی چاہیے لیکن لوکل کاروبار کرنے والوں کے مفادات کا بھی تحفظ کیا جائے۔