چمپئنز ٹرافی کے ساتھ انٹرنیشنل ہاکی کا میلہ بھی سجنے کو تیار

72
qualified

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ انٹرنیشنل ہاکی کا میلہ بھی سجے گا۔11 فروری سے18 فروری تک جرمنی اور ہالینڈ کے معروف ہاکی کلب پاکستان کا دورہ کریں گے، مارچ میں جرمنی کی نیشنل جونیئر ہاکی ٹیم پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلے گی۔پاکستان میں غیرملکی ہاکی ٹیموں کی آمد کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ سے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن برائے اسپورٹس اولمپئن خواجہ جنید اور واٹس گول جرمنی کے چیف ایگزیکٹو جنید چھٹہ نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی جس میں وزیر اطلاعات کو جرمنی اور ہالینڈ کے ہاکی کلب ٹیموں کی پاکستان آمد کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر اطلاعات نے قومی کھیل کی ترویج اور غیرملکی ٹیموں کو پاکستان بلانے کے اقدام کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کے ساتھ تمام میچز پی ٹی وی پر براہ راست دکھانے کا یقین دلایا۔خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پی ٹی وی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسپورٹس عالیہ رشید سے بھی ملاقات بہت اچھی رہی ، پاکستان ٹیلی ویژن قومی کھیل کو بھرپور کوریج دینے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ جرمنی اور ہالینڈ کے کلبز کے ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور کھیلتا پنجاب کی ٹیمیں میچز کھیلیں گی، دو دن لاہور اور ایک دن اسلام آباد میں انٹرنیشنل ہاکی کا میلہ لگایا جائے گا۔ خواجہ جیند نے کہاکہ غیرملکی ہاکی کھلاڑیوں کا پاکستان آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔