زمین داروں کے ساتھ احتجاجاً سٹلمنٹ آفس کو تالا لگا دیا‘ہدایت الرحمن

46

گوادر (نمائندہ جسارت) ایم پی اے گوادر مولاناہدایت الرحمن نے زمین داروں کے ساتھ احتجاجاً سٹلمنٹ آفس کو تالا لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ادارہ آفس لوگوں کو انصاف نہ دے اس کو تالا لگنا چاہیے، سرکاری اراضیات کی بندر بانٹ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، اگر محکمہ سٹلمنٹ کو لینڈ مافیا کے ذریعے غریبوں، یتیموں بیواؤں، بے سہاروں کی اراضیات ہتھیانے کا عمل بند نہیں کیا تو سخت ردعمل کا اعلان کیا جائے گا،کسی بھی سرکاری ادارے کو عوام کے حقوق پر ڈاکا زنی نہیں کرنے دیں گے۔ مولانا ہدایت الرحمن نے سرکاری اراضیات کی بندر بانٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے، صوبائی حکومت تحصیل دار محکمہ سیٹلمنٹ اور دیگر اراضیات کی ہیر پھیر میں ملوث اہلکاروں کو گوادر سے ٹرانسفر کرے۔ اس موقع پر زمین داروں کا کہنا تھا کہ کئی سال سے لینڈ مافیا نے ہمارے زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے، ہمارے ساتھ ظلم وزیادتی ہوئی ہے، ایم پی اے گوادر ہمارے ساتھ ہیں، ہمیں ایک جرات مند نمائندہ ملا ہے، جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا ہم اپنے حق کے لیے عدالت بھی جائیں گے۔