ترسیلات زرمیں کئی گنااضافہ۔ وزیراعظم کی قوم کو مبارک باد

65
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف ان لینڈ ریونیو اپیلیٹ ٹربیونلز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قومی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،وزیراعظم نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ عدالتوں میں زیر التوا محصولات کے مقدمات کوجلد نمٹانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں جبکہشہباز شریف سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ نے ملاقات کی، وزیراعظم نے جموں و کشمیر تنازع کے حل کے لیے او آئی سی کے اصولی موقف اور مستقل حمایت پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا،شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی بھی ملاقات۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024 تک 3.1 بلین ڈالر ترسیلات آئیں جو نومبر 2024 سے 5.6 فیصد زیادہ ہے، دسمبر 2023 سے دسمبر 2024 تک ترسیلات زر میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی بہن بھائیوں کے ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی سند ہے، ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ان لینڈ ریونیو کے اپیلیٹ ٹربیونلز کے امور پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عدالتوں میں زیر التوا محصولات کے مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آر محصولات کے مقدمات کے جلد سے جلد نمٹانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ وزیراعظم نے اپیلیٹ ٹربیونلز ان لینڈ ریونیو میں بین الاقوامی معیار کی افرادی قوت کو مسابقتی تنخواہوں، مراعات اور پیشہ ورانہ ٹیلنٹ کی بنیاد پر تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ اپیلیٹ ٹربیونلز میں بہترین ٹیلنٹ کو تعینات کر کے محصولات کے کیسز فوری حل کیے جائیں۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ نے وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے 11-12 جنوری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد مسلم دنیا میں خواتین کی معیاری تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ٹھوس کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ او آئی سی کے متحرک کردار پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کی تعریف کرتے ہوئے، وزیراعظم نے تنظیم کی مشترکہ ترجیحات اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اسے مسلم امہ کی اجتماعی آواز کے طور پر مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لیے او آئی سی کے اصولی موقف اور مستقل حمایت پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ فلسطین میں جاری اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے، انہوں نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کرنے، فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور اسرائیل کے وسیع پیمانے پر جنگی جرائم کے خلاف عالمی احتساب کی ضرورت پر زور دیا۔.دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد پر ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسلام آباد میں 11 سے 12 جنوری کو مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی میں مسلم ورلڈ لیگ کی حمایت کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے اس اشتراک کی پائیداری اور افادیت کو اجاگر کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے اس اہم موضوع کے بارے میں عالمی سطح پر ایک اہم پیغام جائے گا کہ مسلم دنیا لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہے۔