بنوقابل نوجوانوں کے روشن مستقبل کی کنجی قرار

80

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ نے نوجوانوں کے لیے بنو قابل اہلیت ٹیسٹ کو ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیسٹ نوجوانوں کی قابلیت کو نکھارنے اور ان کے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ بنو قابل اہلیت ٹیسٹ کا انعقاد 12 جنوری 2025 کو کراچی کے راشد لطیف اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس اہم موقع پر ہزاروں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو پرکھنے اور اپنی قابلیت کو مزید بہتر بنانے کا موقع حاصل کریں گے۔مرزا فرحان بیگ نے اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کی ترقی اور ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہمیشہ سرگرم رہی ہے۔ بنو قابل پروگرام کے تحت ہونے والا یہ اہلیت ٹیسٹ نوجوانوں کو عملی زندگی میں کامیابی کے لیے رہنمائی اور ضروری مہارتوں سے آراستہ کرے گا۔انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “یہ ٹیسٹ آپ کی زندگی کا ایک سنہری موقع ہے۔ اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، انہیں نکھاریں اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے تیار ہوں ۔” مرزا فرحان بیگ نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس ٹیسٹ میں بھرپور شرکت کے لیے ترغیب دیں تاکہ وہ اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ زندگی میں کامیاب مستقبل کی جانب قدم بڑھا سکیں۔