لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ہینلے اینڈ پارٹنرز ی جنوری سے جون 2025 ء کے لیے جاری کی گئی فہرست کے مطابق پاکستان دنیا کا پانچواں کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا ملک ہے۔ مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں 103 نمبر آیا اور اس پر 33 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے، المیہ یہ ہے کہ پاکستان سے اوپر صومالیہ کا پاسپورٹ 102 نمبر پر، فلسطین، نیپال اور بنگلادیش کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 100 ویں نمبر پر رہے۔ جبکہ بھارت 85 ویں نمبر پر ہے۔ ہینلے اینڈ پارٹنرزی کی تازہ رپورٹ نے حکمرانوں کی کارکردگی کا پردہ چاک کرکے رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہینلے اینڈ پارٹنرز ی کی جانب سے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری کرنے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک وقوم کے ساتھ جو کھلواڑ کیا ہے۔ اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ ادارے تباہ و برباد ہو چکے ہیں، کرپشن کا گراف دن بدن بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ مہنگائی میں کمی کے دعوے تو ضرور کیے جاتے ہیں مگر عملاً عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ مصنوعی کمی کا واویلا کرکے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت بھی سابقہ حکمرانوں کے نقش قدموں پر چل رہی ہے۔ آئی ایم ایف ملکی معیشت پر قابض ہے۔ اس کی مرضی کے بغیر حکومت ایک قدم نہیں چل سکتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ ملکی معیشت کا ستیاناس ہو چکا ہے۔ ملک چوروں، لیٹروں اور کرپٹ افراد کی جنت بن چکا ہے۔مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام بنیادی حقوق کے لیے ترس رہے ہیں، ہم ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ حق کے غلبے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ عوام ظلم کے اس نظام کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا ساتھ دیں۔