اسلام آباد:وزارت خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ بجٹ کی تیاری کے لیے مختلف مراحل کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق وفاقی کابینہ سے بجٹ کے اہداف اور دستاویزات کی منظوری اپریل کے تیسرے ہفتے میں لی جائے گی۔ اس کے بعد سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس مئی کے آغاز میں منعقد ہوگا، جب کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس مئی کے دوسرے ہفتے میں ہوگا۔
وزارت خزانہ نے مزید بتایا کہ بجٹ کے تخمینے اور دستاویزات کی تیاری مئی تک مکمل کر لی جائے گی۔ فروری میں کرنٹ اور ترقیاتی بجٹ پر نظرثانی کا تخمینہ پیش کیا جائے گا، جب کہ مڈ ایئر ریویو رپورٹ مارچ میں قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔
بجٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس بھی فروری میں منعقد ہوگا تاکہ بجٹ کی تیاری کا عمل تیزی سے آگے بڑھ سکے۔