راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان بھرمیں بنوقابل پروگرام کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا۔
مرکزی سیکرٹری جنرل و چیئرمین الخدمت ایجوکیشنل پروگرام سیدوقاص جعفری نے کہا کہ بنوقابل جیسے ڈیجیٹل انقلابی پروگرام کا مقصد پاکستان کے کروڑوں نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی کورسز سمیت دیگر جدید اسکل سے آراستہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2022میں کراچی سے بنوقابل پروگرام کا آغاز ہوااب تک 50ہزار نوجوانوں کو بنوقابل پروگرام کے تحت کورسز کرواچکے ہیں۔ 2 سال کے دوران 10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگرکورسزکروانے کے بعد روزگارمیں معاونت فراہم کرنا الخدمت فاؤنڈیشن کا ہدف ہے۔
سید وقاص جعفری نے کہاکہ بنو قابل محض ایک پروگرام نہیں بلکہ عزم ہے جو نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، اور خود انحصاری کے ذریعے غربت اور بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے کی کوشش کررہاہے۔ یہ پروگرام نہ صرف پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ طلبہ کی انفرادی و معاشی حالت کو بھی بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ پاکستان بھرکے مختلف شہروں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سنٹرز بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ16کروڑ نوجوان ملک وقوم کا سرمایہ ہیں ہم انہیں مواقع فراہم کریں گے کہ وہ مختلف اسکل سیکھ کرنہ صرف اپنے گھرانوں کی کفالت کریں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام بھی روشن کریں۔ بنو قابل نہ صرف بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کی فراہمی کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ اس کی مدد سے گھریلو آمدنی میں اضافے کی خواہشمند خواتین کے لیے بھی کامیابیوں کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، فری لانسنگ، ای کامرس،آئی ٹی سمیت 28کورسز کروائے جارہے ہیں جس کے تمام اخراجات الخدمت فاؤنڈیشن برداشت کرتی ہے جبکہ نوجوانوں کوتمام کورسز فری کروائے جاتے ہیں۔