عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات ہوگی یا نہیں؟ دلچسپ صورتحال پیدا

141

راولپنڈی:اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا معاملہ پیچیدگی اور غیر یقینی کی صورتحال کا شکار ہو گیا۔ جیل حکام اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات نے صورت حال کو مزید الجھا دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر جیل انتظامیہ ہمیں بلائے گی تو ہم ضرور آئیں گے۔ دوسری طرف جیل حکام کا مؤقف ہے کہ اجازت تب دی جا سکتی ہے جب ملاقات کے لیے کوئی آئے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے معمول کے دن بھی کمیٹی اور جیل انتظامیہ کے درمیان رابطے میں کمی رہی، جس کے باعث ابہام مزید بڑھ گیا ہے۔ موجودہ حالات میں نہ مذاکراتی کمیٹی جیل پہنچی ہے اور نہ جیل انتظامیہ نے ان سے رابطہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جیل ذرائع نے یہ بھی واضح کیا کہ تاحال کوئی پارٹی رہنما، وکیل، یا فیملی ممبر عمران خان سے ملاقات کے لیے نہیں آیا۔ اس صورتحال میں دونوں جانب سے ایک دوسرے پر ذمے داری ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے جب کہ عمران خان تنہائی کا شکار ہیں۔