اٹلی: گاؤں کے میئر نے لوگوں کے بیمار ہونے پر پابندی لگا دی

171

اٹلی کے ایک گاؤں کے میئر نے مقامی باشندوں کو بیماریوں کے پھیلاؤ پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ صحت کے نظام میں درپیش سنگین مسائل اور بحران کی وجہ سے کیا گیا۔

اٹلی کے جنوبی علاقے کلابریا کے گاؤں بیلکاسٹرو کے میئر انتونیو ٹورچیا نے مقامی رہائشیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسی بیماریوں کا شکار نہ ہوں جن کے لیے فوری طبی امداد درکار ہو۔

 کلابریا کا علاقہ اٹلی کے غریب ترین علاقوں میں شامل ہے اور یہاں 2009ء سے اب تک  18 اسپتال بند ہو چکے ہیں۔

انتونیو ٹورچیا نے کہا کہ مقامی افراد کو ایسی سرگرمیاں اور کاموں سے گریز کرنا چاہیے جو ان کے لیے شدید چوٹوں کا سبب بن سکتے ہوں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے مقامی افراد کو آرام کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

میئر نے اس غیر معمولی اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد مقامی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی خامیوں اور بحران کو اجاگر کرنا تھا۔

 انہوں نے بتایا کہ بیلکاسٹرو کے 1200 رہائشیوں میں سے نصف کی عمر 65 سال سے زائد ہے، اور گاؤں سے قریب ترین اسپتال تقریباً 30 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔

اس گاؤں میں صرف ایک ڈاکٹر دستیاب ہے، جو کال پر آتا ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ سروس رات کے اوقات، ویک اینڈز اور تعطیلات کے دوران فراہم نہیں کی جاتی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی کو طبی امداد کی ضرورت پیش آتی ہے تو اسے 30 میل دور اسپتال جانا پڑتا ہے۔