جماعت اسلامی کا بجلی کے بل کم نہ ہونے پر ملک گیر احتجاج کا اعلان

145

جماعت اسلامی نے بجلی کے بل کم نہ ہونے پر 17 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 17 جنوری کو بجلی کے بل کم نہ ہونے پر ملک گیر احتجاج کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان اور اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بہتر ہونے کی خوشخبری حکمران  تو دے رہے ہیں، لیکن حکمران یہ نہیں بتاتے کہ روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں کتنی کمی ہوئی،حکومت کی معیشت میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کے دعوے جھوٹے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی کوئی بھی قسم ہو، قوم انہیں مسترد کر چکی ہے ،اسٹیبلشمنٹ میں ہر پارٹی میں ملے ہوئے لوگ مفاد پرست ہوتے ہیں جو عوام کا خون چوستے ہیں، پیپلزپارٹی اسٹیبلشمنٹ کے بغیر ہماری کراچی میں سیٹیں چھین نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں، مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل کیا جائے، عمران خان کو رہا ہونا چاہیے آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں۔ 

امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز کا مسئلہ جماعت اسلامی نے اٹھایا ہے ،آئی پی پیز بند ہونے کے باوجود بجلی کے بل کم کیوں نہیں ہو رہے ،ملک کے معاشی حالات بد سے بدتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت نے تعلیم کا بوجھ سر سے اتار کر پرائیویٹ سیکٹر کو دے رہے ہیں، حکومت گنے و گندم کی قیمت مقرر کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں ایک بہت بڑے انسانی المیے نے جنم لیا ہے،47ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے اور اس کی پشت پناہی امریکا کر رہا ہے۔