کنری : جمعیت کا طلبہ کنونشن ،تیاریوں کا آغاز بھرپور شرکت کا اعلان

71

کنری (جسارت نیوز) اسلامی جمعیت طلبہ نے طلبہ کے مطالبات کی منظوری کے لیے حیدرآباد میں طلبہ کنونشن کی تیاریوں کا آغاز اور بھرپور طریقے سے شرکت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ میرپور خاص ڈویژن افروز احسن نے طلبہ کے مطالبات کی منظوری کے لیے حیدر آباد میں ’’سندھ اسٹوڈنٹس کنونشن‘‘ میں شرکت کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے مطالبات حل نہ ہونے کی وجہ سے ڈویژن میرپورخاص کے تینوں اضلاع جات میں طلبہ مسائل کا شکار ہیں، اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کی جانب سے حیدرآباد میں 18 جنوری کو بڑا ’’سندھ اسٹوڈنٹس کنونشن‘‘ منعقد کیا جا رہا ہے، اسلامی جمعیت طلبہ میرپورخاص ڈویژن سے 18 جنوری کو صبح 11 بجے بھرپور طریقے سے حیدرآباد میں ’’سندھ اسٹوڈنٹس کنونشن‘‘ میں شریک اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرے گی جس میں پورے سندھ کے طلبہ شریک ہوں گے۔ اس حوالے سے اسلامی جمعیت طلبہ میرپورخاص ڈویژن کے مختلف شہروں سے طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت بھی فراہم کرے گی، اس سلسلے میں طلبہ سے رابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات میں طلبہ یونین پر عائد پابندی کا خاتمہ اور فوری انتخابات کا انعقاد، سندھ کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کا قیام، سندھ کے ہر شہر میں لائبریری کا قیام، موجودہ جامعات میں ٹرانسپورٹ کی تعداد میں اضافہ، خستہ حال بلڈنگز کی مرمت، ایچ ای سی کی پالیسی کے مطابق ہر ضلع میں یونیورسٹی جبکہ ہر ٹاؤن میں کالج قائم کا قیام،یونیورسٹیز میں جنسی ہراسانی اور منشیات کا مکمل خاتمہ،تعلیمی اداروں کی نجکاری اور فیسوں میں اضافے کو واپس لینا،تعلیمی اداروں میں مالی و انتظامی بحران کا خاتمہ،طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ اور ہاسٹلز کا قیام، انٹری ٹیسٹ کی فیسوں کو کم کرکے شفافیت کو یقینی بنایا جائے/ انٹر میڈیٹ بورڈز میں نمبرز کے حصول کے لیے کرپشن کا خاتمہ،کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز میں لائبریریز لیبارٹریز کے ساتھ مکمل اسٹاف فعال کلاسز اور 100 فیصد کتابوں کا اجراء، سندھ ہائی کورٹ کے 2019 کے فیصلے کے مطابق انٹر ڈگری کالجز میں 4 سالہ پروگرام کا فوری آغاز، چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور ہر بچے کو تعلیم کا بنیادی حق دینا، نظریہ پاکستان اور اسلامی تقاضوں کے مطابق جدید تعلیمی نظام و نصاب وضع کرنا، جی ڈی پی کا کم از کم 5 فیصد تعلیم کے لیے مختص کرنا و دیگر مطالبات شامل ہیں۔ اس موقع پر معتمدِ ڈویژن میرپور فہد شاہین عبد الصمد آرائیں، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ ضلع عمرکوٹ مرتضیٰ بھائی، ناظم ضلع تھرپارکر نظام الدین سمیجو بھی موجود تھے۔