جمعیت علماء اسلام کی جانب سے بلوچستان کی قومی شاہراہیں احتجاجاً بند

46

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جمعیت علماء اسلام کی جانب سے قومی شاہراہوں کو احتجاجاً بند کیا گیا جس کی وجہ سے بلوچستان کو باقی صوبوں سے ملانے والی شاہراہوں پر ٹریفک اور ایران اور افغانستان سے تجارت معطل ہو گئی، مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، چھوٹی بڑی ما ل بردار گاڑیوں اور مسافر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ہڑتال بلوچستان اسمبلی کے حلقہ صو با ئی اسمبلی کے حلقہ پی بی 45کو ئٹہ کے ضمنی انتخابات کے نتا ئج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف کی گئی۔ جے یو آئی کے کارکنوں نے کو ئٹہ چمن بین القوامی شاہرا ہ کو کوئٹہ میں بلیلی ،پشین میں یا رو پل، قلعہ عبداللہ میں سید حمید کراس ،ضلع چمن میں گڑنگ کے مقام پر بند کی۔ اسی طرح کوئٹہ کراچی شاہراہ کو مستونگ، قلات، خضدار ، لسبیلہ اور حب کے مقامات پر بند کی گئی، پنجاب کو بلوچستان سے ملانے والی کوئٹہ، ڈیرہ غازی خان شاہراہ کو لورالائی اور رکھنی کے مقامات پر اسی طرح کوئٹہ کو ژوب ، خیبر پشتونخوا اور اسلام آباد سے ملانے والی شاہراہ کو قلعہ سیف اللہ، ژوب اور دیگر مقامات پر بند کیا گیا۔ کوئٹہ کو ایران سے ملانے والی شاہراہ کو نوشکی اور دالبندین کے مقام پر کارکنوں کے رُکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کے لیے معطل رکھا۔ کوئٹہ کو سکھر سے ملانے والی شاہراہ کو دشت، نصیرآباد اور جعفرآباد کے مقامات پر بند کیاگیا۔