لندن : ڈبل ڈیکر بس میں 14سالہ لڑکا چاقو کے وار سے قتل

86

لندن( انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قتل کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ ڈبل ڈیکر بس کے اندر ایک 14 سال کے لڑکے کو چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ساؤتھ ایسٹ لندن کے علاقے ول وچ میں ڈبل ڈیکر بس میں مسافروں کے سامنے ایک لڑکے پر چاقو کے وار کیے گئے۔ طبی عملے کی کوششوں کے باوجود لڑکا جاں بر نہ ہو سکا۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا اور پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دوسری طرف میئر صادق خان نے علاقوں میں پولیس کا گشت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ لندن ایمبولینس سروس کے پیرامیڈیکس اور ایئر ایمبولینس کے پہنچنے کے فوراً بعد نوجوان موقع ہی پر دم توڑ گیا۔ سپرنٹنڈنٹ لوئس سارجنٹ نے بیان میں کہاکہ میں تصور نہیں کر سکتی کہ متاثرہ لڑکے کے اہل خانہ اور دوست اس وقت کس کیفیت سے گزر رہے ہوں گے، ہماری تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ یاد رہے کہ چاقو زنی کا یہ تازہ ترین واقعہ محض 3ماہ بعد پیش +یا ہے، جب ستمبر میں ول وچ میں 15 سالہ لڑکے ڈیجون کیمبل کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس کی موت کے بعد اس کی ماں جوڈی ٹیلر نے قتل کے اس سلسلے کو روکنے کی التجا کی تھی۔