عمران خان کی عرب ممالک سے متعلق پروپیگنڈ ے کی مذمت،اعلان لاتعلقی

90

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے عرب ممالک کے خلاف سوشل میڈیا پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے تمام اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا ہے کہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی جنہوں نے سوشل میڈیا پر عرب ممالک کے حوالے
سے پروپیگنڈے کی مذمت کی۔ عمران خان نے عرب ممالک، بشریٰ بی بی اور شہدا کے حوالے سے پروپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ ان میں سے کسی بھی اکاؤنٹ کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں اور نہ ہی یہ کارکن ہیں۔اس کے علاوہ فیصل چودھری نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانا مذاکرات سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے مسنگ پرسن کی تحقیقات کے لیے قاضی انور کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے جو اتوار تک اپنی رپورٹ مکمل کرے گی۔ فیصل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے پارٹی کو مسنگ پرسن معاملے پر کام کرنے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل پر مذاکرات کی حامی بھری ہے۔عمران خان نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم کی سنجیدگی پر مذاکرات کی حامی بھری۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی بھی ملک سے کوئی دعوت نامہ آتا ہے اس کو ویلکم کریں گے‘ امریکا کو پہلے بھی ایبسولوٹلی ناٹ کہا ہے آئندہ بھی کہیں گے جو بھی ملکی سلامتی یا خودمختاری میں مداخلت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی بھی ڈیل کا تاثر زائل کرچکے ہیں۔ تحریری مطالبات پر ہم نہیں چاہتے مذاکراتی عمل ڈی ریل ہو۔ ہم چاہتے ہیں ملک اور قوم کے لیے مذاکرات ہوں۔ ہم چاہتے ہیں جوڈیشل کمیشن بنے اور قیدیوں کی رہائی ہو۔