کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی سے ملتان جانے والی بہا الدین زکریا ایکسپریس اوڈیرو لعل اسٹیشن کے قریب اچانک پٹری سے اتر گئی، جس کے بعد ریل گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔اس سے قبل بھی حالیہ دو ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 3 ٹرینوں کے ساتھ اسی قسم کا حادثہ پیش آیا تھا ایک مال گاڑی اور شالیمار ایکسپریس بھی پٹری سے اتر گئی تھیں۔اس حوالے سے ریلوے ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ بوگیاں پٹری سے اترنے کی وجہ سے اپ اور ڈائون مین لائن بلاک ہوگئی، اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا۔شدید سردی میں خواتین بزرگ مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، پشاور جانے والی خیبر میل4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے جسے کوٹری ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا۔راولپنڈی جانے والی گرین لائن 3 گھنٹے تاخیر
کا شکار ہے جسے حیدرآباد اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔ راولپنڈی جانے والی سرسید ایکسپریس4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے اس ٹرین کو ڈیتھا ریلوے اسٹیشن پر روکا گیا ہے۔ریلوے ذرائع نے بتایاکہ پاک پتن لاہور جانے والی فرید ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے جسے اللہ ڈینو سانڈ اسٹیشن پر روکا گیا ہے۔اس کے علاوہ سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی روانگی 8گھنٹے تاخیر کے باعث پالی جانینا اسٹیشن پر رکی ہوئی ہے جبکہ لاہور سے آنے والی شالیمار ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوکر شہداد پور اسٹیشن پر رکی ہوئی ہے۔