کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے وسائل سے بڑھ کر خدمات سر انجام دے رہے ہیں ، گلشن اقبال کے مکینوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں ، واٹر کارپوریشن سمیت مختلف اداروں کی وجہ سے بلدیاتی امور متاثر ہو رہے ہیں مگر ہم گلشن اقبال کی سڑکوں کی بہتری کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن ٹاؤن کے وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی کے ہمراہ یوسی 3 موچی موڑ تا سر سید یونیورسٹی روڈ پر سڑکوں کی استرکاری کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر وترقی کے سفر کی جانب گامزن ہیں ، ہم پرعزم ہیں کہ ان شاء اللہ بالترتیب تمام بلدیاتی و علاقائی مسائل کو حل کرلیں گے ، اس موقع پر ایکسی این بی اینڈ آر راشد فیاض نے سڑک کی بہتری کے حوالے سے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ سڑک کی استرکاری میں بہترین کوالٹی کا مواد استعمال کیا گیا ہے جس سے طویل المعیاد بنیادوں پر علاقہ مکینوں کو سہولت میسر ہوگی ، ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ یہ سڑک ٹریفک کی روانی کے لحاظ سے اہمیت کی حامل ہے یومیہ اس سڑک سے ہزاروں گاڑیوں گزرتی ہیں ، اس سڑک کی بہتری سے نہ صرف علاقہ مکین بلکہ شہر کی مختلف جگہوں سے آنے والے مستفید ہوسکیں گے ۔