غلبہ دین کیلیے جدوجہداللہ سے محبت کا تقاضا ہے‘شگفتہ ابراہیم

34

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ حلقہ خواتین کی نائب ناظمہ شگفتہ ابراہیم نے کہا ہے کہ اللہ سے محبت اور اس سے کیے گئے عہد کا تقاضاہے کہ اپنی جان و مال کو اس کی اطاعت اور اس کی راہ میں لگادیں اور اخلاص نیت کے ساتھ غلبہ دین کے لیے یکسو ہوکر جدودجہد کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نو منتخب ناظمہ ضلع جامشورو شگفتہ ساجد کی تقریب حلف کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ناظمہ ضلع کو استقامت کی دعا دیتے ہوئے کہا جو خلق خدا کو دین کی طرف بلائے اور دین الٰہی کو کفر کے مقابلے میں غالب کرنے کی جدو جہد کرے ان کو اللہ نے انصار اللہ کہہ کر اعزاز سے نوازا ہے۔ اس موقع پر نگراں ضلع جامشورو اور نائب معتمدہ سندھ عالیہ شمیم ، سابقہ ناظمہ ضلع ثمینہ شہزاد بھی موجود تھیں۔ نائب معتمدہ صوبہ سندھ عالیہ شمیم نے کہا کہ اللہ پر یقین
و توکل بندگی رب کی کیفیت پیدا کرتی ہے اور اطاعت و فرمانبرداری کی راہ پر چلاتی ہے۔ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت لازم اور سند نجات ہے۔ان کاکہنا تھا کہ ہماری زبان حب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دعوے سے سرشار ہے؛ مگر ہماری عملی زندگی رسولؐ کی اطاعت و اتباع سے خالی ہے ، ہماری عبادتیں بے روح ہیں‘ہمیں اپنا محاسبہ کرتے ہوئے اخلاص کے ساتھ جائزہ لینا چاہیے کہ کیا واقعی ہم اپنے معاملات میں اپنی زندگیوں میں اللہ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا راستہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔