کمپیوٹرز کا اگلا دور: اے آئی سپرکمپیوٹرز تیار

172

سان فرانسسکو:ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک انقلابی قدم کے طور پر Nvidia نے اعلان کیا ہے کہ وہ مئی 2025 میں اپنا پہلا پرسنل اے آئی سپر کمپیوٹر لانچ کر رہی ہے، جس کا نام پروجیکٹ Digits ہے۔

یہ ایک جدید سپر کمپیوٹر ہوگا، جو خاص طور پر اے آئی ایپلیکیشنز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کا اہم حصہ GB10 گریس بلیک ویل سپر چپ ہے، جو بڑی مقدار میں ڈیٹا پروسیس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اے آئی کے پیچیدہ ماڈلز کو آسانی سے چلا سکتی ہے۔

یہ سپر کمپیوٹر 200 ارب پیرامیٹرز تک کے اے آئی ماڈلز کو پروسیس کرنے کی طاقت رکھتا ہے اور عام سپر کمپیوٹرز کے برعکس، یہ ڈیسک ٹاپ سائز میں دستیاب ہوگا اور کسی بھی عام پاور کیبل سے چلایا جا سکے گا۔

پروجیکٹ Digits کی ابتدائی طور پر قیمت تقریباً 3,000 امریکی ڈالرز بتائی گئی ہے، جو اسے اے آئی کے شوقین افراد اور پیشہ ور ڈویلپرز کے لیے قابلِ حصول بناتی ہے۔

اے آئی سپر کمپیوٹر کے حوالے سے Nvidia کا کہنا ہے کہ یہ سپر کمپیوٹر ہر سائنسدان، محقق اور طالب علم کے ڈیسک پر ہوگا، تاکہ وہ اپنی اے آئی تحقیق اور پروجیکٹس کو مزید بہتر بنا سکیں۔

ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ Digits جیسے اے آئی سپر کمپیوٹرز خاص طور پر ان افراد کے لیے مثالی ہیں جو مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ یا بڑے ڈیٹا سیٹس پر کام کرتے ہیں،  تاہم روزمرہ کے استعمال کے لیے عام کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس ابھی برقرار رہیں گے۔