’’ایکس‘‘ پر دنیا بھر میں خرابیاں پیدا کرنے کا الزام

187

ڈجیٹل بحث و تمحیص کے عالمی شہرت یافتہ ادارے ’’ٹیڈ‘‘ کے سربراہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس بہت بڑے پیمانے پر خرابیاں پیدا کر رہا ہے اور اِس پر اپ لوڈ کی جانے والی پوسٹوں کے نتیجے میں قتل و غارت بھی ہوسکتی ہے۔

ایکس، ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک امریکی ارب پتی آجر ایلون مسک کے نام کُھلے خط میں کرس اینڈرسن نے لکھا ہے کہ ایکس ایک بڑا اور خاصا طاقتور پلیٹ فارم ہے۔ یہ پلیٹ فارم دنیا بھر میں رائے عامہ کو بدل سکتا ہے مگر ساتھ ہی ساتھ اِس کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر قتل و غارت بھی تو ہوسکتی ہے۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں کرس اینڈرسن نے کہا ہے کہ ہمیں پُرانا ایلون مسک دکھائی نہیں دے رہا اور نیو ایلون مسک بہت خطرناک ہے۔ ٹیڈ ٹاکس کے سربراہ نے یہ بات ایک ایسے وقت کہی ہے جب ایلون مسک نے برطانیہ اور جرمنی جیسے طاقتور ممالک کی حکومتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز نہیں کیا ہے۔ کرس اینڈرسن کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پوسٹوں کے ذریعے کسی بھی موضوع پر بیانیہ تبدیل کیا جاسکتا ہے، رائے عامہ کو بہت حد تک ایک خاص سانچے میں ڈھالا جاسکتا ہے تاہم اِس کے ذریعے بگاڑ بھی تو اچھا خاصا پیدا ہوسکتا ہے اور ہورہا ہے۔