حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی کم نہیں ہوئی ہرچیز کی قیمت میں اضافہ ہورہاہے، حافظ نعیم

176
IMF's slavery document is named Budget

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کاکہنا ہے کہ حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی کم نہیں ہوئی،  مہنگائی ختم کرنے کے حوالے سے تمام وزراء کےبیانات کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ حکومت اول روز عوام کو بے قوف بنارہی ہے، مہنگائی کم کرنے کے دعووں کے علاوہ کسی چیز میں بھی ایک روپے کی کمی نہیں کی گئی ہے، نیاسال شروع ہوتے ہی پیٹرول کی قیمت میں بے پنا اضافہ کردیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کاکہنا تھا کہ حکومت سبسڈی دینے کے نام پر عوام سے بھاری ٹیکسز وصول کررہی ہے، ہرماہ عوام اپنی خون پسینے کی کمائی کئی کئی ہزار کے بلز کی مد میں حکومت کو ادا کررہی ہوتی ہے،چند مگرمچھوں کو بجلی نہ بنانے پر بھی 2 ہزار ارب دے دیئے گئے تاہم اب آئی پی پیز معاہدے ختم کرنے سے قومی خزانے کو فائدہ ہوا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ مہنگائی کے حوالے سے فروری کے آخر تک پوری طاقت سے جدوجہد کا آغاز کریں گے، حکمران عوام کی خوشنودی سے زیادہ امریکا کی خوشامد کرتےہیں، امریکا انسانیت اور جمہوریت دونوں کا دشمن ہے اور امریکا اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کر رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  نومنتخب امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت سنبھالنے سے قبل ہی حماس کو وارننگ جاری کر دی، امریکا انسان دشمنی پالیسی پر کاربند ہے، حماس کو فلسطینی عوام کی حمایت حاصل ہے، دنیا کی کوئی طاقت حماس کی طاقت کو شکست نہیں دے سکتی۔