نادرا کے 2 میگا سینٹرز میں 24 گھنٹے پاسپورٹ بنوانے کی سہولت مہیا

54

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے احکامات کے بعد کراچی میں نادرا کے میگا سینٹرز میں ہفتے بھر 24گھنٹے کے لیے پاسپورٹ بنوانے کی سہولت مہیا کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ پاسپورٹس نے وزیر داخلہ کے احکام پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے اور کراچی کے ناظم آباد اور سیمنز چورنگی سائٹ میں 10 پاسپورٹس پراسسنگ کائونٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، نادرا میگا سینٹرز میں بنائے گئے یہ کائونٹرز شہریوں کو 24گھنٹے سہولت فراہم کریں گے۔ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے بتایا کہ 24/7پاسپورٹس پراسسنگ کائونٹرز کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھایا جا رہا ہے اور اسلام آباد میں قائم دفتر پہلے ہی 24/7 کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں عوامی مرکز اور لاہور میں گارڈن ٹائون کے دفاتر بھی 24 گھنٹے کھلے ہیں، جس سے عوام کو کسی بھی وقت پاسپورٹ کے پراسیس کی سہولت حاصل ہوگی۔