سب میرین کیبل خرابی:پاکستان میں تاحال انٹرنیٹ سروسز متاثر

549

اسلام آباد:پاکستان میں عالمی سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروسز میں ابھی تک مشکلات جاری ہیں، جبکہ وزارت آئی ٹی کا دعویٰ ہے کہ متبادل روٹ پر انٹرنیٹ ٹریفک کو منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم صارفین کو براؤزنگ، ویڈیو اپ لوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔

عالمی سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوئی ہے اور مکمل طور پر سروس معمول پر نہیں آ سکی۔

دوسری جانب وزارت آئی ٹی کے مطابق ایک ہزار گیگابائٹس فی سیکنڈ میں سے 830 گیگابائٹس کا متبادل انتظام کر لیا گیا ہے، تاہم 170 گیگابائٹس فی سیکنڈ کی کمی ابھی تک برقرار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سب میرین کیبل  ڈبل اے ای ون میں خرابی کی وجہ سے ایک ہزار گیگابائٹس فی سیکنڈ کی ڈیٹا ٹریفک متاثر ہوئی تھی۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 630 گیگابائٹس فی سیکنڈ کی ٹریفک کو متبادل روٹ پر منتقل کر دیا گیا ہے اور 200 گیگابائٹس فی سیکنڈ کی ٹریفک کو بھی جلد ہی متبادل روٹ پر منتقل کر دیا جائے گا۔